پشاور(ثناء نیوز )نیٹو سپلائی اور پاکستان میں بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت کے خلاف المرکز اسلامی پشاور سے وزیر باغ تک 8کلومیٹر طویل احتجاجی ریلی کے اختتام پر وزیرباغ میں شباب ملی کے زیرا ہتمام عظیم الشان یوتھ کنونشن منعقد ہوا جس میں شدید بارش کے باوجودہزاروں پُرجوش نوجوان شریک تھے ۔جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منورحسن نے واضح اور دو ٹوک الفاظ میں اعلان کیا کہ نیٹو سپلائی نہیں چلنے دینگے۔ امریکہ اور ناٹو افواج ہماری دشمن ہیں۔ انہیں کسی صورت نہ تو اسلحہ فراہم کرنے دینگے اور نہ ہی شراب اور خنزیر سپلائی کرنے دینگے۔ نوجوانوں کی سب سے بڑی تعداد جماعت اسلامی کے پرچم تلے جمع ہو چکی ہے۔ اب ملک میں تبدیلی اور انقلاب کو کوئی نہیں روک سکتا ۔ انتخابات میں تاخیر کی گئی یا جھرلو کیا گیا تو پوری قوم کو سڑکوں پر لے آئینگے۔ مرکزی حکومت ہو ، خیبر پختونخوا کی حکومت یا پنچاب میں شریف برادران کی حکومت یا بلوچستا ن کے حکمران ہوں ان سب نے قوم کو مایوس کیا ہے اور انہیں مہنگائی ، بیر وز گاری، کرپشن کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انشاء اللہ تعالی آئندہ حکومت جماعت اسلامی بنائیگی اور قوم ان لوگوں کو مسترد کردیگی جنہوں نے انہیں مسلسل لوٹا ہے۔ سید منورحسن نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں شکست کھا چکا ہے ۔ اور کسی کو دہشت گرد قرار دینے سے وہ ہاری ہوئی جنگ جیت نہیں سکتا۔ انہوںنے کہاکہ امریکہ ڈالروں کے عوض قوم کی آزادی اور خودمختاری کو بیچنے میں مرکزی حکومت کے ساتھ ساتھ پنچاب سمیت چاروں صوبائی حکومتیں برابر کی شریک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے نام پر ڈاکوں کے گروہ نے اقتدار پر قبضہ کر کے پوری قوم کو یرغمال بنا رکھا ہے ۔ پاکستان کو غداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ ملک دشمن قوتوں نے اس کے وسائل پر قبضہ کر کے عوام سے زندگی کی تمام بنیادی سہولتیں چھین لی ہیں اور قوم کے اندر سخت مایوسی اور نااُمیدی پائی جاتی ہے لیکن انشاء اللہ تعالی جماعت اسلامی اس مایوسی کو قوت میں تبدیل کر دیگی ۔ سندھ میں جاری بلدیاتی آرڈیننس کے بارے میں انہوں نے کہاکہ یہ آرڈی نینس ایم کیو ایم کے دباؤ پر جاری کیا گیاہے جسے ہم مسترد کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم پیپلز پارٹی پر دباؤڈال کر سندھ کی شہری سیٹوں پر بلدیاتی الیکشن میں قبضہ کرنا چاہتی ہے تاکہ قومی انتخابات پر اثر انداز ہو اجاسکے ۔ پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کی بلیک میلنگ میں آ کر آرڈی نینس جاری کیاہے جسے کوئی پارٹی قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔ انتخابات کا ڈرامہ قومی انتخابات سے راہ فرار اختیار کرنے کے لئے رچا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے شباب ملی ، اسلامی جمعیت طلبہ اور جمعیت طلبہ عربیہ کی صورت میں نوجوانوں کی سب سے بڑی اور منظم قوت جماعت اسلامی کے پرچم تلے جمع ہو چکی ہے۔ یو تھ کنونشن سے جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری شبیراحمد خان نے کہاکہ پشاور جماعت اسلامی کا گڑھ بن چکا ہے اور انشاء اللہ تعالیٰ آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی پشاور میں کلین سویپ کریگی۔ جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر بحراللہ ایڈووکیٹ نے پشاور میں بارشوں سے ہونے والی تباہی سے متاثرہ لوگوں کو ریلیف پہنچانے کے لئے شباب ملی اور الخدمت فاؤنڈیشن کو فوری طور پر سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کی اور اپنی طرف سے ابتدائی طور پر ریلیف سرگرمیوں کے لئے ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ شباب ملی ضلع پشاور کے صدر شہزاد احمد نے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشاور کے ہزاروں نوجوانوں نے کنونشن میں شریک ہو کر ہمارے حوصلوں کو بلند کیا ہے اور انشاء اللہ تعالی جماعت اسلامی کے بڑھتے ہوئے قدموں کو اب کوئی قوت نہیں روک سکے گی۔ تفصیلات کے مطابق نیٹو سپلائی اور امریکی مداخلت کے خلاف 4بجے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منورحسن ، صوبائی امیر پروفیسر محمدا براہیم خان، صوبائی جنرل سیکرٹری شبیرا حمد خان، ، صوبائی نائب امیر مشتاق احمد خان ، جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسرار اللہ ایڈووکیٹ اور جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر بحراللہ ایڈووکیٹ اور شباب ملی ضلع پشاور کے صدر شہزاد احمد کی قیادت میں موٹر سائیکلوں ، چھوٹی بڑی گاڑیوں کا ایک بہت بڑا جلوس جماعت اسلامی کے صوبائی ہیڈ کوارٹر المرکز اسلامی پشاور جی ٹی روڈ سے وزیر باغ کے لئے روانہ ہوا تو 8کلومیٹر طویل راستے پر ایسا نظر آرہا تھا کہ پورا شہر امیر جماعت اسلامی سید منورحسن کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے اُمڈ آیا ہے۔ راستے میں رنگ روڈ ، جنرل بس سٹینڈ ، گلبہار، نشترآباد، لاہوری گیٹ ، گنج گیٹ ، یکہ تو ، زرگر آباد ،کے مقام پر شہریوں کی ایک بہت بڑی تعداد سید منورحسن کے استقبال کے لئے موجودہ تھی اور انہوں نے ان کے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور انہیں پھولوںکے ہار پہنائے۔ ہزاروں نوجوان سید منورحسن کی گاڑی کے آگے مسلسل امریکہ کا جو یا ر ہے غدار ہے غدار ہے ، انقلاب انقلاب اسلامی انقلاب ، سید تیرے جانثار بے شمار بے شمار کے نعرے بلند کر تے رہے ۔ جبکہ لاہوری گیٹ میں مسیحی مرد وخواتین کی ایک بہت تعداد بھی سید منورحسن کے استقبال کے لئے موجود تھی۔ جماعت اسلامی کے مرکزی امیر جونہی وزیر باغ پہنچے تو وہاں پر موجود ہزاروں نوجوانوں نے کھڑے ہو کر نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور جماعت اسلامی پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے ان کا استقبال کیا۔
Newspaper in Pakistan,since 1997.(Need Reporters from all the cities of Pakistan) ehtasabiamal@gmail.com (For website SponsorShip Contact us ھفت روذھ احتسابي عمل لاھور
تبصرے