قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کو مکمل طور مسترد کرتی ہے
اسلام آباد(ثناء نیوز )قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کو مکمل طور مسترد کرتی ہے۔ آرڈیننس انتظامی طورسندھ کو تقسیم کرنے کے مترادف ہے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس آرڈیننس کے ذریعے سندھ کے مفادات کا تحفظ کرنے کے بجائے حکمرانوں کے مفادات کا تحفظ کیا گیا ہے۔ اس انتہائی متنازعہ آرڈیننس پر رات کے اندھیرے میں دستخطوں سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ آصف علی زرداری اپنے مخصوص خواہشات اور مفادات کی خاطر پاکستان تو کیا اپنی آبائی دھرتی سندھ کا بھی سودا کرسکتے ہیں۔ صوبہ سندھ کسی سیاسی جماعت کی ذاتی جاگیر نہیں کہ جب چاہے اس کا بٹورہ کرتی پھرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن حقیقی اپوزیشن جماعتوں اور سندھی عوام کی نمائندہ جماعتوں سے مل کر سندھی عوام کے حقوق پر اس ڈکیتی کے خلاف ایک متفقہ لائحہ عمل طے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس آرڈیننس کے خلاف اپنے موقف پر مخلص ہے تو پھر دیگر اپوزیشن جماعتوں سے مل کر اس کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر آواز اٹھائے۔
تبصرے