وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب کی معیشت میں زراعت کوبنیادی اہمیت حاصل ہے اور یہ شعبہ ملکی معیشت کی ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے۔پنجاب کی زرعی برآمدات کو 2014 تک 2 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے


لاہور (ثناء نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب کی معیشت میں زراعت کوبنیادی اہمیت حاصل ہے اور یہ شعبہ ملکی معیشت کی ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے۔پنجاب کی زرعی برآمدات کو 2014 تک 2 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کیلئے پنجاب کے کسانوں کو زرعی مصنوعات بڑھانے کیلئے جدید تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ کسانوں کو روایتی طریقہ کار چھوڑ کر جدت کی طرف لے جایا جا رہا ہے۔ زرعی مصنوعات کی برآمدات بڑھا کر کثیر زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔ کاشتکاروں کی استعدادکار بڑھانے کیلئے مربوط حکمت عملی اختیار کی گئی ہے۔ وہ یہاں زرعی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ سٹار فارم کمپنی کے مسٹر ہینس پیٹر (Mr. Hans Peter)، ایم سی سی کے ریجنل ہیڈ ٹائینو زیسکے (Mr. Tino Zeiske)، ایم ڈی ایم سی سی ڈیوڈ بونر(Mr. David Bonar)، ایم پی اے رانا محمد افضل خان، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، خزانہ، لائیوسٹاک اور زراعت کے سیکرٹریز کے علاوہ متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں زراعت کو جدید خطوط پر استوارکرکے قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔ بدقسمتی سے ماضی میں اس شعبے کی طرف خاطرخواہ توجہ نہیں دی گئی۔ پاکستان کے پاس دنیا کا سب سے بڑا نہری نظام موجود ہے اور یہ دنیا کا دودھ پیدا کرنے والا چوتھا بڑا ملک بھی ہے اس کے باوجود بین الاقوامی زرعی معیشت میں پاکستان کا حصہ بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹار فارم کمپنی اجناس کو محفوظ بنانے اور ان کی عالمی منڈی میں برآمدات کے شعبے میں بین الاقوامی شہرت کا حامل ادارہ ہے۔ پنجاب حکومت اور سٹار فارم کے اشتراک سے پہلی بار صوبے کی زرعی مصنوعات کو عالمی منڈی میں متعارف کرانے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ زرعی اجناس کی سپلائی کے ساتھ کھیت سے منڈی تک کا نظام بہتر بنایا جا رہا ہے۔ برآمدات میں اضافے کیلئے بیرون ملک زرعی مصنوعات کی نمائشیں لگائی جائیں گی۔ اس سلسلے میں گزشتہ برس جرمنی میں پنجاب کی زرعی مصنوعات کی نمائش کی گئی تھی۔وزیراعلیٰ نے اس امید کا اظہار کیا کہ یورپی یونین کی مارکیٹ تک رسائی کی سہولت ملنے سے زرعی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ زرعی اجناس کی برآمدات میں اضافے سے لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایسا میکنزم اختیار کیا جائے جس سے زرعی اجناس کی پیداوار میں مسلسل اضافے کو برقرار رکھا جاسکے۔ وزیراعلیٰ کو سٹار فارمز کے مسٹر ہینس پیٹر نے سٹار فارمنگ کے بارے تفصیلی بریفنگ دی#



Ehtasabi Amal Lahore احتسابي عمل لاھور

تبصرے