کوئٹہ میں سمنگلی روڈ پر شہباز ٹاؤن کے علاقہ میں ریمورٹ کنٹرول بم دھماکہ کے نتیجہمیں تین سیکیورٹی اہلکاروں سمیت سات افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہو گئے
کوئٹہ (ثناء نیوز) کوئٹہ میں سمنگلی روڈ پر شہباز ٹاؤن کے علاقہ میں ریمورٹ کنٹرول بم دھماکہ کے نتیجہمیں تین سیکیورٹی اہلکاروں سمیت سات افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں میں سات سیکیورٹی اہلکار اور سکول کے بچے بھی شامل ہیں ۔ تمام زخمیوں اور نعشوں کو سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ دوسری جانب پی ایم اے نے عوام کی استدعا پر سول ہسپتال اور بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتالوں کی ایمرجنسی سروس بحال کر دی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق دھماکہ میں موٹر سائیکل اور 15 کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ۔ ریمورٹ کنٹرول بم کے ذریعہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جب یہ گاڑی سکول کے بچوں کی گاڑی کے ساتھ جا رہی تھی ۔ واقعہ میں سکول کے بچے بھی زخمی ہوئے ۔ زخمیوں میں سے 12 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ایک عینی شاہد نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ پانچ افراد کی نعشیں جبکہ 15 زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کیا گیا ۔ زخمیوں میں بچے بھی شامل تھے دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی ۔ دھماکہ کے نتیجہ میں چار گاڑیاں اور چھ موٹر سائیکلیں تباہ ہو گئیں جبکہ قریبی گھروں اور دوکانوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی ہڑتال کی وجہ سے فوری طور پر زخمیوں کو سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ واقعہ کے بعد سیکرٹری داخلہ بلوچستان اکبر حسین درانی اور سی سی پی او کوئٹہ میر زبیر محمود موقع پر پہنچ گئے اور دھماکہ کی جگہ کا معائنہ کیا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سیکرٹری داخلہ اکبر حسین درانی کا کہنا تھا کہ واقعہ کو صرف دہشت گردی کہا جا سکتا ہے ۔ ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں واقعہ میں دیسی ساختہ مواد استعمال کیا گیا جبکہ سی سی پی او کوئٹہ میر زبیر محمود کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے حوصلے بلند ہیں ۔ دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے رہیں گے ۔ جنگ کے دوران ایسی باتیں ہوتی رہتی ہیں ہم دفاع کر رہے ہیں ہمارا سارا سیکیورٹی پلان دہشت گردوں کے خلاف ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 اور 10 محرم الحرام کے دنوں میں سیکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے گا ۔ دہشت گرد اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے ۔ دوسری جانب بم ڈسپوزل سکواڈ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کئے ۔ بی ڈی ایس اہلکاروں کے مطابق واقعہ میں 15 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا جس میں بڑی مقدار میں نٹ بولٹ اور بال بیئرنگ برآمد ہوئے ۔ دوسری جانب ایف سی ، پولیس اور فوجی اہلکاروں کی بڑی تعداد واقعہ کے بعد موقع پر پہنچ گئی اور علاقہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے
Ehtasabi Amal Lahore احتسابي عمل لاھور
تبصرے