وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ کرپشن کے ناسور نے ملک کی بنیادیں کھوکھلی کردی ہیں۔نااہل وفاقی حکمرانوں کے دور میں کرپشن کے تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ثناء نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ کرپشن کے ناسور نے ملک کی بنیادیں کھوکھلی کردی ہیں۔نااہل وفاقی حکمرانوں کے دور میں کرپشن کے تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں۔جس ملک میں اربوں روپے کی کرپشن ہووہاںترقی و خوشحالی کا تصور ناپید ہوجاتاہے۔بدعنوانی حکمرانوں میں سرایت کرجائے تومعاشرے تباہ ہوجاتے ہیں۔کرپشن، بیڈ گورننس کی کھوکھ سے جنم لیتی ہے۔وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ زرداری ٹولے نے قومی وسائل لوٹ کر ملک و قوم کو اندھیروں میں دھکیل دیاہے۔قومی ادارے تباہ کردیئے گئے ہیں۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ نے زربابا چالیس چوروں کی ریکارڈ کرپشن کو بے نقاب کرکے رکھ دیاہے۔افسوس کا مقام ہے کہ نااہل وفاقی حکمرانوں کے دور میں پاکستان عالمی سطح پر 33واں کرپٹ ترین ملک بن چکاہے۔ ایک طرف وفاقی حکمرا ن قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹ رہے ہیں اور دوسری طرف عوامی مسائل کے حل میںمجرمانہ غفلت کے مرتکب ہورہے ہیں جو انتہائی شرم کا مقام ہے۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت نے ہر سطح پرشفافیت اور میرٹ کو فروغ دیاہے۔ پنجاب حکومت کا دامن کرپشن کے داغ سے پاک ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب حکومت کے منصوبوں میںایک پائی کی کرپشن ثابت ہوجائے تو سیاست چھوڑ دوں گا۔کرپشن کے خاتمے کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا بھرپور کردارادا کرنا ہوگا۔آئندہ عام انتخابات میں عوام کرپٹ حکمرانوں کو یکسر مسترد کردیں گے۔دیانتدار قیادت سامنے آئے گی تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا اور عوامی مسائل حل ہوں گے۔ |
Ehtasabi Amal Lahore احتسابي عمل لاھور Click on Ehtasabi Amal Facebook
تبصرے